’عامر کے بیانات سن کر بے حد افسوس ہوا‘ وقار یونس نے بھی بالآخر لب کشائی کر دی

’عامر کے بیانات سن کر بے حد افسوس ہوا‘ وقار یونس نے بھی بالآخر لب کشائی کر دی
’عامر کے بیانات سن کر بے حد افسوس ہوا‘ وقار یونس نے بھی بالآخر لب کشائی کر دی
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مجھے محمد عامر کے بیانات سن کر بے حد افسوس ہوا حالانکہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو عامر کی ٹیم میں واپسی کیلئے وکالت کرتا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ میں کسی جواز کے پیچھے چھپنے نہیں آیا، جو خبریں ہیں وہ خبروں کی حد تک رہیں تو بہتر ہیں۔یہ غلط بات ہے کہ ٹیم کو چھوڑ کر آگیا ہوں، ٹیم کو نہ پہلے کبھی چھوڑ کر گیا ہوں نہ آئندہ چھوڑ کر جاؤں گا۔ 

وقار یونس نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل ہوئی، ہم نے پہلا ٹیسٹ اچھا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں ہم بہتر نہ کھیل سکے۔ جو پرفارمنس ہم دینا چاہتے تھے نہیں دے سکے لیکن مجھے اپنے باﺅلرز پر فخر ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی، نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ بہت ٹیلنٹڈ ہیں، بابراعظم کا نہ ہونا اور کیچز ڈراپ ہونے سے فرق پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں، میں جارحانہ انداز کا انسان ہوں اور یہی چاہتا ہوں کہ اپروچ جارحانہ ہو۔ کوچ کے سلیکشن کے اختیارات لینے کی ابھی خبریں ہیں، کوچ کے سلیکشن لینے کا جب فیصلہ سامنے آئے گا دیکھیں گے، ابھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، مجھ میں کچھ ہے تو یہاں کھڑا ہوں، تنقید کرنا اور کمنٹری کرنا بہت آسان ہے۔

محمد عامر کے بیانات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر شاندار کرکٹر ہے اور میں ان لوگوں میں سے ہوں جواس بات کی وکالت کرتا تھا کہ عامر کو واپس آنا چاہیے لیکن مجھے محمد عامر کے بیانات سن کر بے حد افسوس ہوا۔ 

مزید :

کھیل -