وہ عرب شہری جو 3 ہزار گاڑیوں کا مالک ہے
ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) ابوظہبی میں کاریں جمع کرنے کے ایک شوقین آدمی کے پاس اتنی زیادہ اور ایسی انوکھی کاریں موجود ہیں کہ دیکھ کر آنکھیں حیرت سے کھلی کی کھلی رہ جائیں۔ معروف ’وِلاگر‘ نیس (Nas)نے اپنے فیس بک پیج ’نیس ڈیلی‘ پر اس آدمی کی کاروں کی کولیکشن کے متعلق ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں نیس نے بتایا ہے کہ حماد نامی یہ شخص فوج سے ریٹائرڈ ہے اور گزشتہ 50سال سے کاریں جمع کر رہا ہے۔ اس کے پاس دنیا کی ایسی 3ہزار انوکھی کاریں بھی ہیں، کہ ان جیسی کار دنیا میں کسی اور کے پاس نہیں۔
حماد نے ان کاروں کے لیے ایک میوزیم بنا رکھا ہے، جس کی عمارت اہرام مصر کی شکل کی ہے۔ لوگ جوق در جوق اس میوزیم میں حماد کی جمع کی گئی ان انوکھی کاروں کو دیکھنے آتے ہیں۔ حماد کے پاس ایک ایسی دیوقامت کار ہے جس کے اندر تین بیڈروم بنائے گئے ہیں۔یہ غالباً دنیا کی سب سے بڑی کار ہو گی۔ اس کے علاوہ حماد کے پاس دنیا کی سب سے چھوٹی ’رین بو‘ کار بھی موجود ہے۔ اس میوزیم میں امریکہ و برطانیہ سمیت کئی ممالک کی پولیس کی سرکاری کاریں بھی کھڑی ہیں اور امریکی فوج کی جیپ بھی ہے۔
حماد کا کہنا ہے کہ وہ لگژری پر یقین نہیں رکھتا۔چنانچہ اس کے میوزیم میں فراری اور لیمبرگنی جیسی کوئی لگژری کاریں موجود نہیں ہیں۔ حماد نے بتایا کہ اسے ’آف روڈ‘ کاریں زیادہ پسند ہیں اور میوزیم میں زیادہ تعداد آف روڈ کاروں ہی کی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ ”مجھے آف روڈ کاریں اس لیے پسند ہیں کہ یہ مجھے صحرا میں ایسی جگہوں پر لے جاتی ہیں جہاں لوگ نہیں ہوتے۔“ اس کا کہنا تھا کہ ”میری میوزیم میں کسی گاڑی کی جگہ بننے کی کچھ شرائط ہیں کہ وہ گاڑی مہنگی نہ ہو مگر منفرد ہو اور چالو حالت میں ہو۔ وہ میرے میوزیم کا حصہ بن سکتی ہے۔“ واضح رہے کہ حماد کے پاس ایک ہوائی جہاز بھی ہے جسے اس نے لا کر اپنے اس میوزیم کے قریب ہی کھڑا کر رکھا ہے۔