کورونا وائرس کی ویکسین بنانے والے مسلمان میاں بیوی نے پھر میدان مار لیا، ایک اور بیماری کی ویکسین بنا ڈالی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے والے مسلمان میاں بیوی نے ایک اور بیماری کی ویکسین تیار کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ترک نژاد جرمن شہری میاں بیوی ڈاکٹر اوگر ساہین اور ڈاکٹر اوزلیم توریشی ہیں جنہوں نے فائزر ویکسین تیار کی جو اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کو دی جا رہی ہے۔ اب انہوں نے ’Multiple Sclerosis‘ نامی بیماری کی ویکسین تیار کر لی ہے جس کے چوہوں پر تجربات کے انتہائی شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر اوگر اور ڈاکٹر اوزلیم نے جرمنی میں ’BioNTech‘ کے نام سے ایک کمپنی بنا رکھی ہے جو اب تک کورونا وائرس سمیت کئی طرح کی بیماریوں کی ویکسینز بنا چکی ہے۔ ان کی بنائی گئی ’Multiple Sclerosis‘ کی ویکسین بھی اسی طریقے سے کام کرتی ہے جس طرح ان کی بنائی کورونا وائرس ویکسین کام کرتی ہے۔ اس طریقے کے تحت جینیاتی مواد ’ایم آر این اے‘ (mRNA)کا ایک ٹکڑا مریض کی کلائی میں داخل کیا جاتا ہے جو مریض کے جسم کے خلیوں کو ایسا پروٹین پیدا کرنے پر مجبور کرتا ہے جو متعلقہ وائرس کے خلاف مدافعت رکھتا ہے۔اس ٹکڑے کے جسم میں داخل ہونے سے انسانی جسم میں اس وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز بننا شروع ہو جاتی ہے اور وہ شخص وائرس سے محفوظ ہو جاتا ہے۔