ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت بہتر سمت کی جانب گامزن ہے جس کی ورلڈ اکنامک فورم سمیت دنیا کے دیگر ادارے بھی تعریف کر رہے ہیں۔ کورونا کے ساتھ ہمیں معیشت کی بہتری کے چیلنج کا سامنا تھا مگر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی محنت سے پاکستان کے حالات بہتر ہوئے۔
سپیکرقومی اسمبلی نے صوابی میں باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں 160 بیڈز پر مشتمل پیرا میڈیکل نرسنگ اسٹاف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر نے پوری دنیا میں تباہی مچائی لیکن کورونا کاپھیلاؤ روکنے کے لیے عوام کے تعاون اور این سی او سی کے بروقت فیصلوں کے باعث ہماری حکمت عملی کامیاب رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوابی کی ترقی کے لیے بہت منصوبے شروع کیے ہیں، عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔