وفاقی وزیرغلام سرور خان نے سول ایوی ایشن کو بڑا حکم جاری کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے ڈی جی سول ایوی ایشن (سی اے اے )کو ادارے میں اصلاحات جلد مکمل کرنے، فلائٹ سیفٹی آڈٹ اور پائلٹس لائسنس پر اصلاحات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق غلام سرور خان نے اجلاس میں فلائٹ سیفٹی آڈٹ اور پائلٹس لائسنس پر اصلاحات جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی سی اے اے کو ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے سے مل کر تمام سیفٹی معاملات حل کریں، پی آئی اے کے اقدامات کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی ’ایاسا‘ نے سراہا ہے۔غلام سرور خان نے کہا کہ سی اے اے نے اب تک ’اکاو‘کےتحفظات دور کیوں نہیں کیے؟وزیراعظم کو بھی اس سےمتعلق تحفظات ہیں،جلد دورکیےجائیں۔وزیر ہوا بازی نے پی آئی اے کےفلائٹ سیفٹی کےتجربہ سےسی اے اےکو فائدہ اٹھانے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے نےیورپی یونین سیفٹی ایجنسی کےفلائٹ سیفٹی تحفظات دور کردیے تھے، ایاسا نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کو ’اکاو‘کے سیفٹی آڈٹ سے مشروط کیاہوا ہے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے پاکستان سی اے اے کو پانچ فروری تک مہلت دے رکھی ہے۔