ضمنی انتخابات، پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اتحاد ہوگیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے مقابل امیدوار نہ کھڑا کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی 'ابتک' نیوز کےمطابق نثار کھوڑو کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صوبائی دفتر پہنچا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نثار احمد کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ ون مین شو اور اقتصادی صورتحال خراب کرنے والی حکومت نہیں چاہیے۔ ہم وزیر اعظم کو مصیبت اعظم کہتے ہیں، جو لوگ ہمیں ٹف ٹائم دینے کی بات کرتے ہیں پہلے وہ ٹف بن جائیں۔
مسلم لیگ کے رہنما شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ہم نواز شریف کی ہدایت پر ملیر کی ضمنی انتخاب کی نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کرتے ہیں۔ ساتھ ہی سانگھڑ، عمر کوٹ اور تھر پارکر کی سیٹوں پر بھی پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے نثار احمد کھوڑو، سیکرٹری جنرل وقار مہدی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق گورنر سندھ محمد زبیر، مفتاح اسماعیل، شاہ محمد شاہ اور دیگر موجود تھے۔