مہنگائی ڈبل ہندسے کو عبور کر چکی ، حکومتی ارسطو کی کوئی ٹویٹ نہیں آئی، شازیہ مری کا وزیراعظم پر طنز 

 مہنگائی ڈبل ہندسے کو عبور کر چکی ، حکومتی ارسطو کی کوئی ٹویٹ نہیں آئی، شازیہ ...
 مہنگائی ڈبل ہندسے کو عبور کر چکی ، حکومتی ارسطو کی کوئی ٹویٹ نہیں آئی، شازیہ مری کا وزیراعظم پر طنز 

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطاء مری نے کہاہے کہ ناکام خارجہ پالیسی،لاکھوں مزدور بے روزگار ہوکر واپس آ رہے ہیں، مہنگائی ڈبل ہندسے کو عبور کر چکی ہے، اس حوالے سے حکومت کے ارسطو کی کوئی ٹویٹ نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق شازیہ عطاء مری نے کہا کہ آئی ایم آیف کو ٹھیکے پر دی گئی حکومت نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا ہے،وزیر اعظم بنا سوچے سمجھے معیشت پر ٹویٹ داغ دیتے ہیں، شرح نمو منفی ہوگئی، ڈھیٹ حکمران معاشی میدان میں کامیابیوں کے ترانے پڑھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ناکام خارجہ پالیسی کی بدولت لاکھوں مزدور پاکستان بھیج دیے گئے ہیں، بیرون ملک پاکستانی مزدوروں کو گھر بار بیچ کر واپس ملک آنا پڑ رہا ہے،وزیر اعظم کو بتایا جائے کہ باہر سے آنے والی ترسیلات مزدوروں کی جمع پونجی ہے،مزدور بے روزگار ہوکر لوٹ رہے ہیں اور وہ اپنے ساتھ جمع پونجی واپس لارہے ہیں، جسے حکمران ترسیلات زر میں اضافہ بتا رہے ہیں۔

شازیہ عطاء مری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ڈھائی سال میں بند ہوجانے والی صنعتوں کے اعداد و شمار کب ٹویٹ کریں گے؟ مہنگائی ڈبل ہندسے کو عبور کر چکی ہے، اس حوالے سے حکومت کے ارسطو کی کوئی ٹویٹ نہیں آئی۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -