کے پی اسمبلی کے کور کمانڈر کو خط پر تنازع کھڑا ہوگیا، سیکیورٹی ذرائع نے خط غیر آئینی قرار دیدیا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سیکیورٹی کی جانب سے کور کمانڈر پشاور کو اِن کیمرہ بریفنگ کے لیے لکھا گیا خط ایک نئے تنازع کی شکل اختیار کرگیا ہے۔
نجی ٹی وی’’ جیونیوز‘‘ کے مطابق سپیکر صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے ایک خط سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ صرف آپریشنز سے پائیدار امن ممکن نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے خط کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی یا صوبائی حکومت کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ فوجی قیادت، خصوصاً کور کمانڈر یا جی ایچ کیو سے براہ راست اِن کیمرہ یا ادارہ جاتی بریفنگ کی درخواست کرے۔
’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع نے واضح طور پر تصدیق کی ہے کہ ایسا کوئی خط تاحال کور ہیڈکوارٹر کو موصول ہی نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ روزمرہ کوآرڈینیشن یا معمول کے رابطوں کی اجازت اپنی جگہ موجود ہے مگر صوبائی اسمبلی میں امن و امان پر اِن کیمرہ بریفنگ کسی صورت معمول کا معاملہ نہیں، یہ ایک حساس اور باضابطہ ادارہ جاتی عمل ہے جس کے لیے وفاقی منظوری لازم ہوتی ہے۔
