ریلوے کا شاہدرہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری فیکٹری جھگیاں، کھوکھے مسمار

ریلوے کا شاہدرہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری فیکٹری جھگیاں، کھوکھے مسمار

  



لاہور(سٹاف رپورٹر) ریلوے لاہور ڈویژن انتظامیہ نے شاہدرہ کالا خطائی روڈ پر ریلوے اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گزشتہ روز بھی اپریشن جاری رکھا جس کے دوران درجنوں کھوکھے ،تھڑے ،جھگیاں اور فیکٹری مسمار کردی گئیں غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کرنے کے لئے بھاری سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن پر متاثرین ریلوے کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے ۔اس موقع پر ریلوے انتظامیہ نے پولیس کی بڑی نفری کو طلب کئے رکھا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسٹنٹ انجینئر شیخوپورہ محمد خالد کی سربراہی میں ریلوے پولیس کے ہمراہ شاہدرہ کالا خطائی روڈ پر قبضہ مافیا سے ریلوے اراضی واگزار کروانے کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ۔جس میں سرکاری ملازمین اورریلوے پولیس کی بھاری تعداد نے حصہ لیا۔اپریشن کے دوران شاہدرہ کالا خطائی روڈپر قائم فیکٹری کو مشینری کی مد د سے گرا دیا گیا اسی طرح 40سے زائد جھگیا ں،درجنوں کھوکھے اور تھڑے مسمار کردیئے گئے ۔آپریشن کی اطلاع ملتے ہی قابضین موقع پراکٹھے ہوگئے اور ریلوے انتظامیہ کے اس اقدام کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم بھاری پولیس کی نفری ہونے کے باعث ریلوے پولیس نے حالات کوکنٹرول کئے رکھا ۔غیر قانونی تجاوزات کو گرانے کا سلسلہ شام تک جاری رہا ۔متاثرین کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ پہلے قبضہ کیوںکرواتی ہے اگر اسے بعد میں واگزار ہی کروانا ہے انہوں نے کہا کہ ریلوے حکام سب سے پہلے بڑے بڑے مگرمچھوں سے زمین واگزار کروائیں جنہوں نے ریلوے اراضی پرقبضہ کرکے بنگلے بنا رکھے ہیں بعد میں غریبوں کی جھگیاں مسمار کریں ۔اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ملازمین کو دوران آپریشن مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔جو ملازمین مزاحمت کے دوران زخمی ہوئے تھے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1