ریڈ سٹیل نے نیوس پیٹریاٹس اور بارباڈوس نے جمیکا کو ہرا دیا

ریڈ سٹیل نے نیوس پیٹریاٹس اور بارباڈوس نے جمیکا کو ہرا دیا

سینٹ کٹس( نیٹ نیوز) کیربیئن پیریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو ریڈ سٹیل نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس اور بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے جمیکا تلاوازکو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سی پی ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں دنیا کے نامور کرکٹر حصہ لے رہے ہیں۔ لیگ کے 20 ویں میچ میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو ریڈ سٹیل نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ڈیون تھامس 44 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ شاہد آفریدی 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈوئن براوو نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ریڈ سٹیل نے ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ولیم پرکنز نے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں پانچ فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ ڈوئن براوو کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ لیگ کے 21 ویں میچ میں بارباڈوس نے جمیکاکو 17 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ کپتان کیرن پولارڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مصباح الحق صفر پر آؤٹ ہوئے۔

رسٹی تھیرون اور اینڈرے رسل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جمیکا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ چیڈوک والٹن 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ روبن پیٹرسن نے تین اور جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پولارڈ کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی