زیادہ ون ڈے سنچریاں ، حفیظ نے کئی ملکی بلے بازوں کو مات دید ی

زیادہ ون ڈے سنچریاں ، حفیظ نے کئی ملکی بلے بازوں کو مات دید ی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ پاکستان کے جانب سے زیادہ ایک روزہ سنچریا ں سکور کر نے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 34سالہ آل راؤنڈر نے ہفتے کے روز سری لنکا کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی 10ویں سنچری سکور کی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے لیے زیادہ ایک روزہ سنچریاں سکور کرنے والے ٹاپ تھری بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے کا اعزاز سابق اوپنر سعید انور کو حاصل ہے جنہوں نے 247ایک روزہ میچز میں 20سنچریاں سکور کیں۔ ان کے بعد سابق کپتان محمد یوسف کا نمبر آتا ہے جنہوں نے 281ون ڈے میچز میں 15بار سو کا ہندسہ پار کیا۔ محمد حفیظ ، اعجاز احمد اور انضمام الحق کو گرین شرٹس کی جانب سے 10،10سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے تاہم حفیظ نے اتنی سنچریوں کے لیے 162میچز کھیلے جبکہ اعجاز احمد نے 250اور انضمام الحق نے 375میچز کھیل کر 10سنچریاں سکور کیں۔ فہرست میں چھٹا نام سابق کپتان اور اوپنر رمیز راجہ کا ہے جنہوں نے 198میچز میں 9سینکڑے سکور کیے۔ 7ویں نمبر پر سپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا بھگتنے والے سابق کپتان سلمان بٹ ہیں جنہوں نے محض 78میچز کا سہارا لے کر 8سنچریاں سکور کیں۔8ویں نمبر پر موجود ایک اور سابق کپتان شعیب ملک نے 220میچز میں 8سنچریاں سکور کیں جبکہ سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کو اتنی ہی سنچریاں سکور کر نے کے لیے 233میچز کھیلنا پڑے۔ فہرست میں 10واں نام ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کا ہے جنہوں نے پاکستان کے لیے62ون ڈے کھیل کر 7 سنچریاں سکور کیں۔

خبرنمبر64۔۔۔۔۔۔ 12جولائی2015ء۔۔۔۔۔۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی