پاکستان ایشیامیں تمام فارمیٹس کی کرکٹ کا بادشاہ بن گیا

پاکستان ایشیامیں تمام فارمیٹس کی کرکٹ کا بادشاہ بن گیا

 لاہور /دبئی(آئی این پی)پاکستان کر کٹ ٹیم ایشیا میں تمام فارمیٹس کی کر کٹ میں بادشاہ بن گئی،ٹیسٹ ،ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کر کٹ میں پاکستان ایشیا کی کامیاب ترین ٹیم بن گئی، سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی کامیاب ترین ایشئن ٹیم بن گئی ہے۔ گرین شرٹس نے بھارت کو ہر فارمیٹ میں پیچھے چھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پہلے ون ڈے میں لنکن ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دی اور ایشیا کی سب سے زیادہ ون ڈے میچز جیتنے والی کامیاب ترین ٹیم بن گئی۔قومی ٹیم اس وقت 447 ون ڈے میچ جیت کرسب سے زیادہ ون ڈے جیتنے والی ایشین ٹیم ہے۔بھارت446 میچوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے سری لنکا 356 جبکہ بنگلہ دیش نے 93 میچ جیت رکھے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف مجموعی طور پر آسٹریلیا 529ایک روزہ میچ جیت کر پہلے اور پاکستان 447رنز جیت کر دوسرے نمبر پر آگیا ہے ۔ٹیسٹ فارمیٹ بھی پاکستانی ٹیم سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے والی پہلی ایشین ٹیم ہے۔ پاکستان کی ٹیسٹ فتوحات124 ہیں۔ بھارت 122 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے سری لنکا نے72 جبکہ بنگلہ دیش نے 7 ٹیسٹ جیت رکھے ہیں۔ٹی ٹونٹی کی بات کی جائے تو یہاں بھی پاکستان کا بول بالا ہے پاکستان 52 ٹی ٹونٹی فتوحات کے ساتھ ایشیا کی کامیاب ترین ٹی ٹونٹی ٹیم ہے ،سری لنکا 42فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے آئی پی ایل اور مختصر طرز کی کرکٹ میں اپنے آپ کو چوہدری سمجھنے والی بھارتی ٹیم30 میچوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلہ دیش 12 میچوں کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی