پاک چین دوستی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گئی ہے
اسلام آباد(کامرس ڈیسک )اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گئی ہے جس سے دونوں دوست ممالک کی حکومتوں اور عوام کے مابین تعلقات کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔چین کا پاکستان کے استحکام اور معاشی ترقی میں بنیادی کردار ہے جس کا اعتراف ہر پاکستانی کرتا ہے۔اقتصادی راہداری، توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازش کو ناکام بنا کر چین نے ایک بار پھر مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ شاہد رشید بٹ نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جائنٹ وینچرز، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تربیتی پروگرام اور دفاعی تعاون چین کی لازوال دوستی کا ثبوت ہے۔ چین علاقائی امن اوراقتصادی ترقی میں ناقابل فراموش کردار ادا کر رہا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین اعتماد اور افہام و تفہیم ہمارے مضبوط اقتصادی تعلقات کی بنیاد ہے۔چینی سرمایہ کار کیمیکل، تعمیراتی مشینوں، پارچہ جات، انجئیرنگ اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش بھی رکھتے ہیں ۔تجارتی وفود کے تبادلہ اور مصنوعات کی نمائشوں سے دونوں ممالک کے مابین قربت مزید بڑھے گی ۔ پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کار یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔پاکستان کپاس، سبزیوں اور پھلوں کی معیاری پیداوار کے لئے مشہور ہے جسے چین برامد کیا جا سکتا ہے۔