مونگ اور ماش کی کاشت کیلئے میرا زمین موزوں ہے، محکمہ زراعت پنجاب

مونگ اور ماش کی کاشت کیلئے میرا زمین موزوں ہے، محکمہ زراعت پنجاب

راولپنڈی / اسلام آباد (این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق مونگ اور ماش کی کاشت کیلئے میرا زمین موزوں ہے۔ جولائی کا پورا مہینہ ان دالوں کی کاشت کیلئے مناسب ہے لہٰذا کاشتکار جلد از جلد کاشت مکمل کریں۔مونگ کی کاشت کیلئے آبپاش علاقوں کے کاشتکار منظور شدہ اقسام نیاب مونگ 2006، ازری مونگ 2006 اور نیاب مونگ 2011 کاشت کریں۔ بارانی علاقوں میں مونگ کی کاشت کا انحصار بارشوں پر ہوتا ہے اس لئے کاشتکار بارشی پانی سے حاصل ہونیوالے وتر کو محفوظ بناتے ہوئے فوری کاشت کریں۔ بارانی علاقوں کے کاشتکار زیادہ پیداوار کی حامل قسم چکوال ایم۔6 کاشت کریں۔ مونگ کی کاشت کے لئے کاشتکار شرح بیج 10 سے 12 کلو گرام فی ایکڑ رکھیں۔ ترجمان کے مطابق ماش کاشت کرنے والے کاشتکار ماش کی ترقی دادہ اقسام چکوال ماش، ماش 97 اور ماش عروج 2011 کاشت کریں۔ ان اقسام کی پیداواری صلاحیت 22 من فی ایکڑ تک ہے۔ زیادہ بارش والے علاقوں میں کاشتکار ماش کا بیج 8 کلو گرام فی ایکڑ جبکہ دوسرے علاقوں کے کاشتکار 10 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔

مزید : کامرس