صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈاکٹرز ، پیرامیڈکس و نرسزکا اہم کرداراہم ہے ، مجتبیٰ شجاع

صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈاکٹرز ، پیرامیڈکس و نرسزکا اہم کرداراہم ہے ، ...

لاہور( خبرنگار) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ادارے ڈیفٹڈ کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربرنے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت میں ریفارمز کے نتیجے میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آرہی ہے اور بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتر بنانے پر بھی حکومت پنجاب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موجودہ بجٹ میں بجٹ کا 14 فیصد 166 ارب13 کروڑ روپے صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختص کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ایکسائز مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرامیڈکس و نرسز اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہیلتھ سینٹرز پر تمام عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ25لاکھ سے زائد نوجوان مرد و خواتین کو علم و ہنر سکھانے کے لیے صوبہ بھر میں فنکشنل لٹریسی سنٹر اور 14ہزار سے زائد کمیونٹی لرننگ سنٹرز خواتین کے لیے قائم کئے گئے ہیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ خواتین کوصحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گاکیونکہ ہر10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اور لوگوں کو مفت ادویات کے لئے 10.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4