بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کا واحد حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے،بلال شیرازی

بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کا واحد حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے،بلال شیرازی

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگی قائد چوہدری شجاعت حسین نے درست کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کا واحد حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے بجلی کے حصول کیلئے دیگر تمام ذرائع سے حاصل کردہ مہنگی بجلی عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں نہیں ۔انہوں نے پنجاب میں بجلی کے حصول کیلئے کول پاور پراجیکٹ کو رقم کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کول پاور پراجیکٹ ماحولیاتی آلودگی کے باعث بند ہورہے ہیں جرمنی نے اپنے ملک کے اندر ماحولیاتی آلودگی کے باعث تمام کول پاور پراجیکٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب میں کول پاو ر پراجیکٹ پر زور و شور سے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ان پاور پلانٹ میں ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے منگوایا جانے والامہنگا کوئلہ استعمال کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس پر اربوں روپے کا زرمبادلہ خرچ ہوگا نیز ٹرانسپورٹیشن پر بھی کثیر رقم خرچ ہوگی انہوں نے کہا کہ اگران منصوبوں کے لیے کوئلہ باھر ہی سے منگوانا ہے توکیا ملک کے اندر نکلنے والا کوئلہ منہ کالا کرنے کیلئے ہے؟

سید بلال شیرازی نے حکومتی رکن حمزہ شہباز کے کالا باغ ڈیم کے حق میں نظریہ پاکستان میں تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی عہدیداران کالا باغ ڈیم کی افادیت پر بیانات کی بجائے اس کی تعمیر کا آغاز کریں کیونکہ اس سے 3600میگاواٹ 2روپے والی سستی بجلی حاصل ہوگی اور کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک کے اندر لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4