صوبائی وزیر خوراک کا مختلف رمضان بازاروں کا دورہ، معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا

صوبائی وزیر خوراک کا مختلف رمضان بازاروں کا دورہ، معیار اور قیمتوں کا جائزہ ...

لاہور (وقائع نگار)صوبائی وزیر خوراک وچیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے گزشتہ روزلاہور کے مختلف رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے ۔اس موقع پر انہو ں نے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردنی کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود خریداروں سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں بارے دریافت کیا ۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم رمضان بازاراسلام پورہ، شادمان،وحدت کالونی اور دہلی بازار کے اچانک دورے کئے ۔ انہو ں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی دستیابی میں کوئی کمی نہ آنے پائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ معذور خریداروں کیلئے خصوصی سہولتیں مہیا کی جائیں اور خواتین و دیگر لوگوں کے لئے بھی سیکورٹی کا معقول بندوبست کیاجائے ۔صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں کے دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کے وژن کے مطابق لوگوں کو بھر پور ریلیف دیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے ۔ وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں حکومت دن رات عام آدمی کی حالت بہتر بنانے میں سرگرم عمل ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو۔صوبائی وزیر نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو بنیادی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے ۔ انہو ں نے مزید کہاکہ رمضان بازاروں میں تعینات عملہ لوگوں کی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کی مناسب پارکنگ کے حوالے سے بھی خاطر خواہ بندوبست کرے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمارا مقصد عوام کی ماہ رمضان سمیت بھر پور خدمت کرنا ہے اور خدمات کا یہ سفر سارا سال جاری رہے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1