فوڈ اتھارٹی کے چھاپے،کئی جوس کارنر اور ہوٹل سربمہر،چا ر افراد گرفتار

فوڈ اتھارٹی کے چھاپے،کئی جوس کارنر اور ہوٹل سربمہر،چا ر افراد گرفتار

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ او رغیر معیاری اشیاء کے خلاف مہم کے سلسلے میں مختلف ٹیمو ں نے شہر میں چھاپے مارے ۔ موڑسمن آباد پر واقع الرحمن جوس کارنر ، حافظ ملک شاپ اور طیبہ ہوٹل کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی بناء پر گذشتہ روم سربمہر کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق الرحمن جوس کارنر میں ورکرز کی صفائی کی صورتحال بہت خراب تھی ۔ فوڈ اتھارٹی کی جاری کردہ ہدایات پر عمل نہیں کیاگیا اور ورکرز کے واش روم میں صابن بھی موجود نہیں تھا جس کی بناء پرالرحمن جوس کارنر کو سیل کرتے ہوئے متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کراکر چار افراد کو گرفتار کرایا۔ حافظ ملک شاپ کو ٹوٹے ہوئے اور گندے فریزر استعمال کرنے ،واشنگ کی نامناسب سہولیات کی وجہ سے سیل کیاگیا اور متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کراکر دو افراد کو گرفتار بھی کرایا جبکہ طیبہ ہوٹل میں صفائی کے ناقص انتظامات کے علاوہ کچن میں ہواکے گذرنے ، روشنی کے نا مناسب انتظام اور واشنگ ایریا کی غیر موجودگی کی بناء پر ہوٹل کو سربمہر کرتے ہوئے متعلقہ تھانہ ایف آئی آر درج کراکر دو افراد کو گرفتار کرایا۔نشتر ٹاؤن کی ٹیم نے انڈسٹریل ایریا کوٹ لکھپت میں واقع اسامہ فوڈ پراڈکٹس کو استعمال شدہ پرانا تیل استعمال کرنے اور ورکرز کی صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال ، پراڈکٹس پر غلط لیبلنگ ، فرش پر کھانے کی اشیاء رکھنے اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی بناء پر سربمہر کردیا او رمتعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرواکر دو افراد کو گرفتار کرلیاگیا ۔ علامہ اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے رائے ونڈ روڈ پر واقع آمرس فوڈ کو غلط لیبلنگ او رغیر معیاری اشیاء کے استعمال پر سربمہر کرکے 20 ہزار غیر معیاری جو س کے پیکٹس کو تحویل میں لے لیا اور ذمہ دارا ن کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ۔ راوی ٹاؤن کی ٹیم نے بیگم کوٹ میں واقع طیب ریسٹورنٹ اور بسم اللہ لاہور ٹریڈرزکو غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر سیل جبکہ ٹیکسالی گیٹ میں واقع تاج محل سویٹس اینڈ بیکر اور فضل حق ریسٹورنٹ کو ناقص صفائی کی بناء پر بھاری جرمانہ عائد کیا ۔ علاوہ ازیں شالیمار ٹاؤن کی ٹیم نے شہبازروڈ پر واقع فریش سوڈا واٹر کو غیر معیاری اشیاء اور غلط لیبلنگ کی بناء پر سربمہر کرکے 200 لیٹر سوڈا واٹر تحویل میں لے لیا اور ایف آئی آر درج کرواکر تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ عامر روڈ پر واقع ڈوسے سویٹس ، بھوگیوال چوک میں واقع سامے سموسہ اور غوثیہ ملک شاپ کو ناقص صفائی کی بناء پر بھاری جرمانہ کیاگیا ۔گلبرگ ٹاؤن کی ٹیم نے گڑھی شاہومیں واقع بوٹا بیکری کو صفائی کے ناقص انتظامات کے بناء پر سیل کرکے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرواکر تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ داتا گنج بخش ٹاؤن کی ٹیم نے سلیم پھیونیاں یونٹ کی طرف سے چلایاجانے والا خفیہ یونٹ پکڑ کر سیل کر دیا ۔ واہگہ ٹاؤن کی ٹیم نے حاجی یعقوب سویٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات او رمکھیوں کی کثیر تعداد کی موجودگی کی بناء پر بھاری جرمانہ عائد کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1