عید کی چھٹیوں میں جنرل ہسپتال میں پولیوویکسی نیشن کیلئے خصوصی کاوئنٹر قائم کیا جائے گا

عید کی چھٹیوں میں جنرل ہسپتال میں پولیوویکسی نیشن کیلئے خصوصی کاوئنٹر قائم ...

لاہور(جنرل رپورٹر)عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں پولیوویکسی نیشن کیلئے خصوصی کاوئنٹر قائم کیا جائے گا جہاں پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور بیرون ملک جانے والے افراد کو سرٹیفیکیٹ جاری کئے جائیں گے۔یہ سہولت صبح آٹھ بجے تادوپہر دو بجے تک میسر ہو گی۔یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر خالد محمود نے گزشتہ روز ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے نمٹنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں ایم ایس ،اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس کے علاوہ نرسنگ انتظامیہ اور مختلف شعبوں کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا تہیہ کیا ہو ا ہے اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی متحرک قیاد ت میں تمام محکمے شہریوں کو موسمی اور متعدی امراض سے بچانے کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں بیماریوں کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے خلاف مہمات کی کامیابی کیلئے علمائے کرام اور ذرائع ابلاغ سمیت تمام طبقات خصوصاً نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔پرنسپل نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت جس طرح صوبے بھر کے ڈاکٹروں کو ڈینگی کے علاج کی تربیت فراہم کی گئی ہے اسی طرح پولیو، خسرہ اور دیگر بیماریوں کے خلاف بھی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے ۔تاکہ شہری حفاظتی تدابیر اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عمل کرتے ہوئے ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ایسے پروگرام شروع کریں جن میں ماہرین صحت شہریوں کی صحت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1