عالمی یوم القدس ،فلسطینیوں کی حمایت میں جلوس ،ریلیوں کا اہتمام
برلن (این این آئی) عالمی یوم القدس کی مناسبت سے یورپ کے مختلف ممالک میں فلسطینیوں کی حمایت میں جلوس اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اس سلسلے میں جرمنی کے دارالحکومت برلن اور آسٹریا کے ویانا میں بڑے بڑے مظاہرے کئے گئے، کئی دوسرے یورپی ممالک میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔برلن میں اوڈیناؤر گراؤنڈ میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکالے گئے جلوس میں ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین میں فلسطینی اور عرب کمیونٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی شہری بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی ریاست کے ہاتھوں فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ برلن میں نکالے گئے جلوس کے شرکاء نے شاہراہ کورم فورسٹنڈم کی جانب مارچ بھی کیا اور اسرائیل کی فلسطینیوں کیخلاف ظالمانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔مظاہرین کے ہاتھوں میں فلسطین کے علاوہ لبنان، ایران، ترکی اور آذربائیجان کے پرچم بھی تھے۔ اس کے علاوہ کتبوں پرصہیونی فاشزم مردہ باد،فلسطین کو آزاد کرو،،اسرائیل فلسطینی بچوں کا قتل عام بند کرے اور غزہ کو آزادی دو کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں جرمنی کے آرتھوڈوکس یہودیوں نے بھی شرکت کی۔آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں یوم القدس کے حوالے سے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں مقامی و عرب و ایرانی کمیونٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ ویانا میں ہونے والے مظاہرے میں ریلی کے شرکاء نے محصور علاقے غزہ کی پٹی کا محاصرہ فوری ختم کرنے، فلسطینی اسیران کی رہائی اور جیلوں میں قیدیوں پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔