دینی و مذہبی جماعتوں کے سرکردہ رہنما فوج کیساتھ ہیں،افتخارحسین نقوی

دینی و مذہبی جماعتوں کے سرکردہ رہنما فوج کیساتھ ہیں،افتخارحسین نقوی

لاہور(جنرل رپورٹر) اسلامی نظریاتی کونسل کے وائس چیئرمین علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اس وقت جنرل راحیل شریف جیسا ایک عظیم سپہ سالار ملا ہوا ہے،جس نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاکستانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔اور دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور ملک بھر کی دینی و مذہبی جماعتوں کے سرکردہ راہنما بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وہ گذشتہ روز مقامی ریسٹورنٹ میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں، جید علماء کرام و مفتیان کرام کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب’’بیاد معماران پاکستان ‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ایک صحافی کے سوال کے جواب میں نواز مودی ملاقات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی نواز، مودی ملاقات محض فوٹو سیشن کے بجائے ایک نتیجہ خیز ملاقات ہونی چاہیے تھی۔جس کے باعث خطے کے حالات میں کچھ بہتری آتی۔ وزیر اعظم نواز شریف کوچپ رہنے کی بجائے کشمیر کے ایشو پر بات کرنی چاہیے تھی،اور دوٹوک الفاظ میں اپنے موقف سے عالمی برادری اوربھارتی وزیر اعظم کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں موجود کرپشن کے خاتمے کیلئے محض ٖفرضی دعووں کی بجائے ٹھوس عملی اقدامات کریں۔ملک کے طول وعرض میں ہونے والی میگا کرپشن کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے حکومت وقت کو چاہیے کہ ایک کمیشن ہی بنا دے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں ہمیں اپنے بزرگوں،اسلاف ،قائداعظم اور علامہ اقبال کے بتائے ہوئے راہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی بے لوث خدمت کر نی چاہئے۔رمضان کا آخری عشرہ چل رہا ہے ،پاکستان بھی انہی ایام میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کی انتھک کا وشوں سے معرض وجود میں آیا تھا،اسی طرح شب قدر ہمارے ملک کی تاسیس کا دن ہے۔ضرورت مندوں اور دکھی انسانیت کی خدمت کر کے ہمیں زیادہ سے زیادہ اس سے فیضیاب ہونا چاہئے۔ہمیں پاکستان کی صحیح معنوں میں ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کرنی چاہیے۔دریں اثنا تقریب سے علامہ عبدالخبیرآذاد،الحاج پیر سعادت علی مہدی،مفتی آصف نعمانی،مفتی لیا قت علی صدیقی،مولانا حبیب الرحمن فاروقی،علامہ مشتاق حسین جعفری،سید عاشق،اصغر چشتی،حاجی محمد یونس ،مفتی نعیم جاوید نوری ،ضیا ئالحق نقشبندی ،مولانا جاوید اکبر ساقی ،پیر خلیفہ محمد صادق نقیبی،قاری نوید اکمل،پیر ضیائالمصطفیٰ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں رمضان میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنی چاہیں۔

افتخارحسین نقوی

مزید : صفحہ آخر