نندی پور منصوبہ پیپلزپارٹی دور کی بدترین کرپشن کا شاخسانہ تھا، زعیم قادری

نندی پور منصوبہ پیپلزپارٹی دور کی بدترین کرپشن کا شاخسانہ تھا، زعیم قادری

لاہور( این این آئی )پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ نندی پور منصو بہ پیپلزپارٹی دور کی بدترین کرپشن کا شاخسانہ تھا، اس دور میں پیپلزپارٹی کے رہنمابابراعوان نندی پور کرپشن سیکنڈل کے مرکزی کردار تھے۔ سید زعیم حسین قادری نے اعتزاز احسن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن نندی پور سکینڈل کے چور اپنی صفوں میں تلاش کریں جنہوں نے قومی ترقی کے منصوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انتھک محنت اور کوشش سے نندی پور کے مردہ منصوبے کو ترقی کے مینار میں بدل دیا اور قوم آج نندی پور پاور پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی 425میگاواٹ بجلی سے مستفید ہو رہی ہے۔ قبل ازیں سید زعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سیاسی شعور کے معانی سے لاعلم ہیں۔ پی ٹی آئی کی پرتشدد طرز سیاست مہذب سیاسی اقتدار کے منافی ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان نے دھرنوں کے دوران سیاسی طور پر نابالغ ہونے کا ثبوت دیا۔ دھرنا سیاست نے پاکستان کے سیاسی ماحول کو بری طرح آلودہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قومی سیاست میں جھوٹ کو رواج دیا۔

مزید : صفحہ اول