دوسرا ون ڈے بھی بھارت کے نام، زمبابوے سیریز ہار گیا

دوسرا ون ڈے بھی بھارت کے نام، زمبابوے سیریز ہار گیا
دوسرا ون ڈے بھی بھارت کے نام، زمبابوے سیریز ہار گیا

  

ہرارے (ویب ڈیسک)بھارت نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 62 رنز سے شکست دے دی۔اس فتح کے نتیجے میں مہمان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں دو ،صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔بھارتی اننگز کی خاص بات اوپنرز کی عمدہ بیٹنگ تھی۔اس میچ میں بھارت کے لئے کپتان اجنکیا رہانے اور مرلی وجے نے اننگز شروع کی اور نصف سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کو 112رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اجنکیارہانے 63 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے جبکہ مرلی وجے نے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے امباتی رائیدو نے بھی 41 رنز بنائے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ منوج تیواری22 اور رابن اتھپا 13رنز بنا کر چلتے بنے تاہم اسٹوارٹ بنی( 25)اور کیدر جادھو (16)کی چھٹی وکٹ پر 31رنز کی بیش قیمت پارٹنر شپ نے مجموعے کو271رنز تک پہنچا دیا۔ نیویل مڈزیووا نے چار کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جواب میں ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 49 اوور زمیں 209 رنز ہی بنا سکی۔ زمبابوے کو آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا رہا اور 43 رنز کے ا سکور پر اس کی تین وکٹیں گر گئی تھیں لیکن چامو چھبابا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور نصف سنچری بنائی۔ ان کی 72 رنز کی اننگز افریقی ٹیم کے کام نہ آ سکی۔ رچمند موٹمبانی 32،شان ولیمز 20 اور سکندر رضا 18رنز کی مزاحمت کر سکے۔بھارت کی جانب بھوونیشور کمار چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔سیریز کا تیسرا میچ 14جولائی کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل