ٹھوکر نیاز بیگ تا پھولنگر 39 کلومیٹر ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ ، مراسلہ ارسال

ٹھوکر نیاز بیگ تا پھولنگر 39 کلومیٹر ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ ، ...
ٹھوکر نیاز بیگ تا پھولنگر 39 کلومیٹر ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ ، مراسلہ ارسال

  

لاہور (ویب ڈیسک) ٹھوکر پر ٹریفک دباﺅ کم کرنے کیلئے 13 ارب کی لاگت سے ٹھوکر تا پھول نگر 39 کلومیٹر چار رویہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ فائنل، چیف سیکرٹری پنجاب نے نیشنل ہائی وے کو منصوبے کی تعمیر کے لئے مراسلہ جاری کردیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس میں چئیرمین پی اینڈ ڈی عرفان الہٰی، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات میاں مشتاق اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ پر آئے روز ٹریفک کے دباﺅ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو میاں مشتاق نے اجلاس میں 40 ارب، 16، 19 اور 13 ارب لاگت کے مختلف ڈیزائن کے ساتھ 5 پروپوزل پیش کئے گئے۔ چیف سیکرٹری نے 13 ارب کے تخمینہ لاگت کے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔ منصوبے کے مطابق 39 کلومیٹر کی ایلیویٹڈ ایکسپریس وے میں یوٹرنز اور جنکشن بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے چارلین پر مشتمل ہوگی اور اس کے ساتھ سروس روڈ کی چوڑائی میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس کےلئے ٹھوکر تا سندرسڑک کے اطراف موجود جگہ خریدی جائے گی۔ اس منصوبے پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بجائے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کام کرے گی جس کے لئے چیف سیکرٹری کی جانب سے مراسلہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو جاری کردیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس پراجیکٹ کی حتمی منظوری دے دی ہے اور یہ منصوبہ دو سے تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔

مزید : رئیل سٹیٹ