الطاف حسین بیرون ملک بیٹھ کر پاک فوج کو گالیاں دے رہے ہیں ، برطانیہ سے بات کرنے کا وقت آ گیا : چوہدری نثار

الطاف حسین بیرون ملک بیٹھ کر پاک فوج کو گالیاں دے رہے ہیں ، برطانیہ سے بات ...
الطاف حسین بیرون ملک بیٹھ کر پاک فوج کو گالیاں دے رہے ہیں ، برطانیہ سے بات کرنے کا وقت آ گیا : چوہدری نثار

  

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر اشتعال انگیزی کی آخری حدوں کو چھو رہی ہیں اور وہ برطانیہ بیٹھ کر پاک فوج کو گالیاں دے رہے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی تقاریر پر برطانیہ سے بات کرنے کا وقت آ گیا ہے اور لگ رہا ہے کہ برطانیہ میں ان کے کرتوں کی وجہ سے ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ الطاف حسین کو در پیش مسائل ان کے اپنے پیدا کردہ ہیں اور ان مسائل کی وجہ پاکستان ، افواج پاکستان یا سندھ رینجرز نہیں ہیں ۔ الطاف حسین ان کے خلاف بات کرتے ہوئے شرافت کی تمام حدیں پار کر گئے ہیں اور فوج اور رینجرز کے خلاف ان کی گالم گلوچ سمجھ سے باہر ہے ۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان نے بے انتہاءصبر کا مظاہرہ کیا ہے لیکن بیرون ملک بیٹھ کر سیکورٹی اداروں کے خلاف ایسی زبان پاکستان کے لیے ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے مزید کہاالطاف حسین ہمارے دشمن بھارت کی زبان بول رہے ہیں اور ایسی زبان پاکستان میں ناقابل قبول ہے ۔ اردو بولنے والی کمیونٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم ایک تہذیب یافتہ قوم ہے اور الطاف حسین گندی زبان استعمال کر کے ان کی تضحیک کر رہے ہیں ۔

مزید : قومی /Headlines