رائل پام کنٹری کلب کیس، سعد رفیق، آئی جی اور سیکرٹری ریلوے کو جواب داخل کرانے کیلئے آخری موقع جاری
لاہور(نامہ نگار)سول جج ندیم احمد نے رائل پام انتظامیہ کی طرف سے ریلوے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت ریلوے انتظامیہ کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے مزیدسماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی۔سول جج ندیم احمد کی عدالت میں رائل پام انتظامیہ کی طرف سے ریلوے کے خلاف حکم امتناعی کے باوجود بے دخل کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی جا رہی ہے ،عدالت نے گزشتہ درخواست پر وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، آئی جی ریلوے اور سیکرٹری ریلوے سے جواب طلب کررکھا تھا، عدالت میں دوران سماعت خواجہ سعدرفیق کی طر ف سے ان کے وکیل نجیب فیصل اور ریلوے کی طرف سے ایڈووکیٹ خرم شہزاد پیش ہوئے ،عدالت میں آئی جی ریلوے اور سیکرٹری ریلوے کی طرف سے الگ الگ وکیل پیش ہوئے ،جنہوں نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مہلت طلب کرلی ،عدالت نے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی۔عدالت میں رائل پام کنٹری کلب کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ ان کا کیس عدالت میں ریلوے کے خلاف چل رہا ہے ،عدالت نے ریلوے کو حکم دیا تھا کہ رائل پام کے کسی بھی عملے کو نہ نکالا جائے لیکن عدالت کے حکم امتناعی جاری ہونے کے باوجود ان کو بے دخل کر دیا گیا تاہم انتظامیہ توہین عدالت کی مرتکب ہو ئی ہے۔