اقوام متحدہ اور امریکہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے: سیاسی و مذہبی رہنما

اقوام متحدہ اور امریکہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے: سیاسی ...

لاہور( جاوید اقبال ‘ شہزاد ملک)ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور امریکہ بھارت کے ہا تھوں کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور پاکستانی حکومت اس معا ملے کو پوری قوت کے ساتھ اقوام عالم کے سامنے لائے اس آڑے وقت میں کشمیریوں کو تنہا نہ چھوڑ ا جائے بلکہ بھارت کو اس کی زبان میں منہ توڑ جواب دیا جائے ہندوستان ایک دہشت گرد ملک ہے جس نے ہمیشہ خطے میں دہشت گردی کوپروان چڑھایاہے بھارت میں ہندوؤں کی انتہاپسندی اور کشمیر میں ریاستی مظالم سے ہندوستان کاگھناؤناچہرہ عالمی برادری کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے’’ پاکستان‘‘سے اپنے ردعمل میں کیا ۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور کشمیر میں اس کی دہشت گردی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، اقوام متحدہ اور امریکہ کیوں اس بات کا نوٹس نہیں لے رہے ۔جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے اب تک لاکھوں مسلمان شہیدہوچکے ہیں ہزاروں خواتین کی بے حرمتی اورہزاروں بے گناہ نوجوانوں کوگرفتار کیاجاچکا ہے ۔ یواین او اور امن کے علمبردار ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل میں ’’را‘‘کی مداخلت ختم اور آبی جارحیت کے مکمل خاتمے کے لئے دباؤ ڈالیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان میں دشمنی ہے جبکہ نواز شریف اور مودی میں گہری دوستی ہے ،افغانستان کے طور خم بارڈر پر فائرنگ ہو یا ملا منصور پر حملہ ،بھارتی جاسوس پکڑے جائیں یا جموں کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہو پاکستان کے وزیر اعظم کے ہونٹ سلے رہتے ہیں اس لئے ہم کہتے ہیں کہ حکمران پاکستان کی سا لمیت اور بقا کیلئے ناقابل برداشت خطرہ بن چکے ہیں۔مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے کہا کہ موجودہ حکمران جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے بھارت سے اپنی دوستی کا عملی ثبوت فراہم کرنے کے لئے کشمیر ایشو کو پس پشت ڈالا اور ان کے ہر دور حکومت میں کشمییوں کے قتل عام میں اضافہ ہوا جس کی زندہ مثال یہ ہے کہ چند روز میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنما برہان وانی سمیت درجنوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کیا گیا ۔اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان زندہ نہیں رہ سکتا۔ بھارتیوں کو دو ٹوک جواب دینا ہو گا اور مضبوط پالسیی سامنے لانے کی ضرورت ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب حکمران مودی کی محبت میں گرفتار رہیں گے اور ان کے خلاف لب کشائی کرنے کی جرات نہیں کریں گے تو پھر بھارت کو تو موقع ملے گا جو اس کے دل میں آئے گا وہ کرتا پھرے گا ۔سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب نے کہا کہ مسلہء کشمیر کے حل کے لئے مستحکم پاکستان بہت ضروری ہے جس کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی قیادت اور عوام کو ایک ہونا ہو گا اور پوری قوت سے بھارت کو اس کا جواب دینا ہو گا پھر جا کر ہم مسلہء کشمیر کے حل کی طرف بڑھ سکتے ہیں ،سابق سیکرٹری خارجہ اکرم ذکی نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کشمیر کمیٹی کا وجود نظر آتا ہے اس کمیٹی اور اس کے چئیرمین نے کشمیر کے لئے آج تک کتنے اجلاس کئے ہیں حکومت کو تجاویز دیں اس کا جواب نہ میں ہی آئے گا ۔

سیاسی و مذہبی راہنما

مزید : صفحہ آخر


loading...