بھارتی فوج نے زندگی کی انتہا کر دی نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے ، حافظ سعید

بھارتی فوج نے زندگی کی انتہا کر دی نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے ، حافظ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

الہ آباد (نامہ نگار)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں درندگی کی انتہا کر رکھی ہے۔ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برساکر انہیں شہید کیا جارہا ہے۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار اداکرے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں مہلک ہتھیاروں کے استعمال اور بدترین قتل و غارت گری پر اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نواحی گاؤں ارزانی پور میں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پرایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے ان کی امامت میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ غاصب بھارتی فوج کی فائرنگ ، لاٹھی چارج اور پیلٹ گنوں کے استعمال سے دو درجن سے زائد کشمیری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی فورسز نے ہسپتالوں کو بھی ٹارچر سیلوں میں تبدیل کر دیا ہے ‘ ڈاکٹروں کو زخمیوں کے علاج سے زبردستی روکا جارہا ہے اور لوگوں کو خون کے عطیات دینے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ۔ سخت ترین کرفیو کے باوجود کشمیری عوام ہر قسم کی پابندیوں کو پاؤں تلے روند کر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔ دنیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو گا۔انہوں نے کہاکہ جمعۃالمبارک کو ملک بھر میں برہان وانی سمیت دیگر شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنی زندگیاں قربان کر رہے ہیں ۔ پاکستانی حکمرانوں کو بھی چاہیے کہ وہ دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کریں اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کیاجائے۔
حافظ سعید