مالیاتی شعبہ میں بہتر مالی انتظام ،خدمات کی فراہمی اوراحتسابی عمل کے لئے اصلاحات شروع ،رپورٹ

مالیاتی شعبہ میں بہتر مالی انتظام ،خدمات کی فراہمی اوراحتسابی عمل کے لئے ...

پشاور( پاکستان نیوز)خدمات کی بہتر انداز میں فراہمی ،مالیاتی انتظام کاری اوراحتساب کویقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا میں بھی اہم اصلاحات شروع کی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے پبلک فنانس معلومات کو سمجھنے اور حکومت کی ترجیحات جاننے کی غرض سے عام قارئین کی مدد کے لئے سیٹیزن بجٹ شائع کیاہے۔ مزید برآں پالیسی، منصوبہ سازی اور بجٹ تیاری کو مربوط بنانے کے لئے حکومت نے وسط مدتی بجٹ فریم ورک معتارف کرایاہے اوراس کو بجٹ حکمت عملی پیپر(BSP) میں منتقل کیاگیاہے ۔اس بنیاد پر تمام محکموں سے متعلق حکومت کی تین سالہ بجٹ حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ یہ اصلاحات خدمات کی بہتر انداز میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو بجٹ کی تیاری میں بہتر نتائج حاصل کرنے کا قابل بنائیں گی۔ علاوہ ازیں ایک اوراہم اقدام بڑے محکموں میں اندرونی آڈٹ سیل کاقیام ہے تاکہ محکموں میں بہتر مالیاتی اوربروقت اصلاحات کانظام یقینی بنایاجاسکے۔یہ اندرونی آڈٹ سیلز محکموں میں صوبائی اکاؤنٹنگ افسران کی آنکھوں اورکان کی مانند ہیں جو شفاف اوردرست عمل کویقینی بنانے کے لئے اقدامات بھی تجویز کرتے ہیں۔ ریوینواور اخراجات کی کارکردگی میں اضافہ کرناصوبائی حکومت کے لئے انتہائی اہم مسئلہ ہے اس لیے اس ضمن میں ترقی کے لئے مالیاتی حجم میں اضافے سے متعلق حکومت خیبرپختونخوا نے مربوط شعبہ جاتی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ ترقی کی حکمت عملی کے لئے شراکتی فریم ورک کے تحت ترقیاتی شراکت داروں اورریوینو میں اضافہ کرنے والے محکموں کے مابین تعاون کوبہتر بنایا جاسکے۔ یہ شراکتی فریم ورک تین سال پہلے اپنایا گیاہے جس کا مقصد حکومت اوراس کے ترقیاتی شراکت داروں کی طرف سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے سماجی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لئے مشترکہ مربوط تعاون پیداکرناہے۔اس کے علاوہ محکمہ خزانہ میں صوبائی حکومت کا ایک اوراصلاحاتی اقدام خیبرپختونخواریوینو اتھارٹی کاقیام ہے تاکہ ٹیکس دائرہ میں اضافہ کیاجائے۔ اسی طرح پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کو باقاعدہ بنانے اور اس میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (KPPRA) قائم کی گئی ہے جو ایک خودمختارادارہ ہے اور پروکیورمنٹ کیلئے صوبائی حکومت کو قانونی اورریگولیٹری فریم ورک فراہم کرتاہے۔ اس سلسلے میں پروکیورمنٹ رولز2014 کااعلان بھی کردیا گیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...