، کرپشن نے ملکی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ،اسداللہ بھٹو/حفیظ بجارانی

، کرپشن نے ملکی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ،اسداللہ بھٹو/حفیظ بجارانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جیکب آباد (خصوصی رپورٹ ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملکی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جس کا خاتمہ کئے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے ۔ٹھل ضلع جیکب آباد کے مقامی ہال میں سماجی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں اور معززین شہر کے اعزازمیں منعقدہ عید ملن پارٹی سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ اسلامی اورکرپشن فری پاکستان کے سواپرامن،خوشحال اورایک فلاحی ریاست کے قیام کا بانی پاکستان قائداعظم ؒ کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔چھوٹے اور انفرادی چوروں کو تو پکڑا جاتا ہے لیکن بڑے اور اجتماعی چور بڑے مزے سے عیاشیاں کرتے پھرتے ہیں جن کو کوئی کہنے والا نہیں۔قومی احتساب بیورو بڑے چوروں کو قوم کے لیے نشان عبرت بنانے کی بجائے پلے بارگینگ کے نام پرکرپٹ لوگوں کو کھلی چھوٹ اورکرپشن کرنے کا مزیدراستہ دکھاتا ہے۔اس لیئے عدل وانصاف بھرے معاشرے کے قیام کے لیئے ضروری ہے کہ غریب و امیرکے لیے قانون یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کی نسبت دیہی سندھ میں زیادہ غربت ہے جس کا سبب کرپشن ،اقربا پروری اور سرکاری وسائل کی لوٹ کھسوٹ ہے ۔ملک میں حکومت تو مسلمانوں کی ہے لیکن اسلامی حکومت نہیں ہے ،عدالت سے لیکرتھانے تک قانون وہی انگریز کا چل رہاہے۔اگر اسلامی حکومت ہوتی تو امن اور انصاف عوام کی دھلیز پر ملتاانہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ آئندہ الیکشن میں ٹیکس چوروں اور دولت کے پجاریوں کومسترد کیاجائے۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحفیظ بجارانی نے کہا کہ معاشرے کو کرپشن کلچر نے دیوالیہ کردیا ہے احتساب صرف وزیر اعظم کا نہیں بلکہ ھر اس شخص کا ہونا چاھئے جس نے عوامی دولت کو لوٹا ہے انہوں نے کہا کہ اس نظام کو بدلنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے بلکہ یہ کردار ہمیں ادا کرنا ہے کرپشن کی وجہ سے ملکی کرنسی کا بین الاقوامی سطح پر قدرنہیں اور وہ انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے ادارہ ھیلپنگ ھیند کے ذمہ دار فیض محمد بجارانی نے کہا کہ دو یونین کونسل توج اور کرم ہور میں ڈھائی سو یتیم اور بے سہارا بچوں کو سالانہ پنتالیس لاکھ روپے امداد دی جارہی ہے جس سے وہ تعلیم صحت اور خوراک کی ضروریات پوری کرتے ہیں پروگرام میں سابق تحصیل ناظم ٹھل میر اکبر خان بنگلانی، نواب خان بنگلانی، معشوق خان بنگلانی امداداللہ بجارانی، گل حسن ملک، محمد شریف جعفری، سابق رکن سندھ اسیمبلی ڈاکٹر شنکر لال ،شہاب الدین بجارانی بھی شریک تھے ۔