مون سون کا سیزن کراچی کیلئے تباہ کن ہوسکتا ہے، مہاجر قومی موومنٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے وائس چیئرمین محمد عرفان نے کہا کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئیوں کے باوجود ندی نالوں کی صفائی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے کوئی انتظامات کرنا تو دور کی بات ابھی تک شہری اداروں کے درمیان ایمرجنسی کی صورت میں موثر رابطوں کیلئے کوئی مکینزم تک وضع نہیں کیا جاسکا جس کے باعث اندیشہ ہے کہ موجودہ مون سون کا سیزن کراچی کے عوام کی تباہی کا پیغام ثابت ہوسکتا ہے ،سمجھ نہیں آتا کہ کراچی کیلئے مختص اربوں روپے کون سے جن نگل رہے ہیں جن کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ پارہا ۔چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر لیاقت آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں نکاسی آب کے بڑے ذرائع ،لیاری ندی ،ملیر ندی اور گجر نالے سمیت نوے فیصد سے زائد ندی نالے کچرے اور تجازات کی وجہ سے بند پڑے ہیں ،جگہ جگہ بوسیدہ بجلی کے تار اور کھمبے موت کو دعوت دے رہے ہیں لیکن متعلقہ اداروں کو ہوش آرہا ہے نہ حکومت توجہ دے رہی ہے ۔محمد عرفان نے کہا کہ کراچی میں عرصہ دراز سے بارش کی پہلی بوند کے ساتھ بجلی غائب اور چند ملی میٹر بارش میں سڑکیں اور گلیاں جھیلوں کو منظر پیش کرتی ہیں لیکن شہری ادارے جاگتے ہیں نہ حکومت ! بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کراچی کو تعصب کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے جس میں صوبائی حکومت کے ساتھ تیس برسوں سے مسلسل اقتدار میں رہنے والے مفاد پرستوں کا بھی قصور ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موسم کے تیور اچھے نہیں لگ رہے اسکے علاوہ ندی نالوں کی صفائی کا وقت بھی نکل چکا ہے ،حکومت غفلت سے جاگے متعلقہ عملے کو کسی بھی ہنگامی صورت میں بروقت پہنچنے کیلئے تیار کرے اسکے علاوہ کے الیکٹرک پر بھی نظر رکھی جائے۔