انار کھائیے،بڑھاپا بھگایئے

انار کھائیے،بڑھاپا بھگایئے
انار کھائیے،بڑھاپا بھگایئے

  


جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک )اگر آپ چاہتے ہیں کہ ڈھلتی عمر کے اثرات آپ کے چہرے پر دکھائی نہ دیں،برھاپے کا سفر ذرا تھم سا جائے تو انا رکھایئے ۔’ایک انار سو بیمار ‘جیسی کہاوت کا حامل یہ پھل نہ صرف لذت میں اپنی مثال آپ ہے بلکہ محققین کا کہنا ہے کہ یہ بڑھاپے کی روک تھام کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ انار کا استعمال خلیات کے دوبارہ بننے کے عمل کو تیز کرکے بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کردیتا ہے۔ایکول پولی ٹیکنیک فیڈرل ڈی لوزانے کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس پھل میں ایسا کیمیکل موجود ہے جو عمر بڑھنے کے اثرات جسم پر مرتب نہیں ہونے دیتا۔ یورولیتھیم اے نامی یہ کیمیکل یا مالیکیول خلیات کے ری سائیکل اور دوبارہ بننے کے عمل کو شروع کرتا ہے۔

العربیہ کے مطابق تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ انسانوں کو اس کا فائدہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے جب ان کے معدے میں مناسب مقدار میں بیکٹریا موجود ہوں کیونکہ یہ ننھے جرثومے ہی پھل کے خام جز کو یورولیتھیم اے میں تبدیل کرتے ہیں۔

محققین نے اس مالیکیول کو چوہوں کی غذا میں شامل کیا تو معلوم ہوا کہ ان کی زندگی کی معیاد میں 45فیصد تک اضافہ ہوگیا۔اس وقت مختلف یورپی ممالک کے ہسپتالوں میں انسانوں پر بھی اس کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔محققین کے مطابق ہمارا ماننا ہے کہ اس تحقیق کے ذریعے ہم نے بڑھاپے کی روک تھام کے حوالے سے ایک سنگ میل طے کیا ہے اور انسانی صحت کے لیے ایک بڑا موقع ہمارے سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ خلیات کی مرمت اور عضلات کے دوبارہ بننے کا عمل سست ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں متعدد اعضا کی صحت متاثر ہوتی ہے جبکہ کمزور ہوجاتے ہیں۔انار اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جو امراض قلب، سوجن، جوڑوں میں درد جیسے امراض کا خطرہ کم جبکہ یاداشت بہتر بناتا ہے۔ یہ نئی تحقیق طبی جریدے نیچر میں شائع ہوئی۔

مزید : تعلیم و صحت


loading...