پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے کیلئے ثقافتی روابط کا فروغ ناگزیر ہے: احمد حسن

پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے کیلئے ثقافتی روابط کا فروغ ناگزیر ہے: احمد حسن

  

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر انجینئر احمد حسن نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان صنعتی اور معاشی تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافتی روابط کا فروغ بھی ناگزیر ہے ۔ وہ فیصل آباد چیمبر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایم ڈی طاہر کی سربراہی میں اسلام آباد میں چین کے کلچرل ویک کی تقریبات میں شرکت کرنے والے فیصل آباد کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ ایم ڈی طاہر نے بتایا کہ چین کے کلچرل ویک کی تقریبات 7 تا 14 جولائی تک جاری ہیں جس کے دوران چینی ثقافت کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیلئے چینی فنکاروں کی مصنوعات کی نمائش بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں کلچرل ویک کی تقریبات کی انچارج محترمہ لی کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے اس ویک کو کامیاب بنانے کیلئے انتھک محنت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی طاہر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ون بیلٹ ون روڈمنصوبے کے بارے میں آن لائن انٹرویو بھی دیا اور بتایا کہ سی پیک کے انڈسٹریل کوآپریشن کے مرحلے سے پاکستان میں صنعتی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ اس لئے پاکستان کو خاص طور پر اس مرحلے سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے صنعتکاروں کو سی پیک کے ذریعے پیدا ہونے والے ترقی کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی چینی ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے جبکہ چینی تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان رابطوں کیلئے فیصل آباد چیمبر میں چینی زبان کا ابتدائی کورس بھی شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں چین کے مقابلہ میں زرعی پیداوار بہت کم ہے۔ اس سلسلہ میں چینی تجربے سے فائدہ اٹھانے کیلئے زراعت کے بارے میں ایک خصوصی کتاب بھی شائع کی گئی ہے ۔ انہوں نے چینی سفیر کو فیصل آباد چیمبر کے دورے کی دعوت دی جبکہ فیصل آباد کے وفد کے دیگر شرکاء کے بھی انٹرویو ریکارڈ کئے گئے۔

مزید :

کامرس -