سپاٹ فکسنگ،شرجیل خان کی سماعت آج نیشنل اکیڈمی میں ہوگی

سپاٹ فکسنگ،شرجیل خان کی سماعت آج نیشنل اکیڈمی میں ہوگی
 سپاٹ فکسنگ،شرجیل خان کی سماعت آج نیشنل اکیڈمی میں ہوگی

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹر شرجیل خان کے کیس کی سماعت آج(جمعرات کو)نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگی ۔جسٹس (ر)اصغر حیدر کی سربراہی میں بننے والے پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل کے روبرو برطانوی کرائم ایجنسی کے منیجر آپریشنز بھی ذاتی طور پر پیش ہوں گے یا پھر سکائپ پر اپنی ماہرانہ رائے دیں گے جس سے اینٹی کرپشن ٹربیونل کو برطانوی کرائم ایجنسی کے منیجرآپریشنزکے بیان سے رہنمائی ملے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ساتھی کھلاڑی خالد لطیف کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگز کو کیس میں شامل کرنے کی ٹربیونل کو دی جانے والی درخواست کی شرجیل خان کے وکیل نے مخالفت کی ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق شرجیل خان کیس میں خالد لطیف کی ریکارڈنگ سے متعلق درخواست پر فیصلہ بھی آج(جمعرات کو) ہو گا۔

،واضح رہے کہ رواں سال فروری میں کھیلی گئی پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہونے کی وجہ سے انہیں معطل کردیا گیا تھا جس کے سبب وہ ٹورنامنٹ میں مزید شرکت نہیں کر سکے تھے۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں بعدازاں محمد نواز، محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کے نام بھی منظر عام پر آئے جس میں عرفان کو ایک سال کی مشروط سزا سنائی گئی تھی جبکہ دس لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔شرجیل خان کا مقدمہ مضبوط نظر آتا ہے کیونکہ ڈین جونز، محمد یوسف سمیت متعدد سابق کرکٹرز بورڈ کے سامنے پیش ہو کر یہ بیان دے چکے ہیں کہ شرجیل نے ڈاٹ گیندیں میرٹ پر کھیلیں لیکن بورڈ کا موقف ہے کہ ان کے پاس اوپننگ بلے باز کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -