ویمنز ورلڈ کپ میں آج اور کل کوئی میچ نہیں کھیلا جائیگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں (آج) جمعرات اور (کل) جمعہ کو آرام کا دن ہے ان دنوں کوئی میچ نہیں کھیلا جائیگا جبکہ میگا ایونٹ میں 15 جولائی کو مزید چار میچ کھیلے جائینگے۔ انگلینڈ میں جاری میگا ایونٹ میں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنی آب و تاب سے جاری ہے۔ میگا ایونٹ میں آج اور کل کوئی میچ نہیں کھیلا جائیگا جبکہ 15 جولائی کو مزید چار میچ کھیلے جائینگے اس سلسلے میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا، دوسرا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا، اسی دن کا تیسرا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ چوتھا میچ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا ان چار میچوں کے بعد میگا ایونٹ کا سیمی فائنل مرحلہ شروع ہوجائیگا۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی میگا ایونٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اسے مسلسل چھ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی ٹیم اپنا ساتواں اور آخری ون ڈے میچ 15 جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 18 جولائی کو کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 20 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ عالمی کپ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 23 جولائی کو کھیلا جائیگا۔