پاکستان پہلی بار ساؤتھ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کریگا

پاکستان پہلی بار ساؤتھ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کریگا

  

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان رواں سال کے آخر میں پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ ایونٹ میں اخراجات کے تخمینے کیلئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے ڈیڑھ کروڑ روپے بجٹ پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھجوایا ہے۔ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کے اخراجات فیڈریشن برداشت کرے گی۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین فیڈریشن نے پاکستان کو پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی دی ہے۔ چیمپئن شپ رواں سال دسمبر میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان پاکستان ‘ بھارت ‘سری لنکا ‘ افغانستان ‘نیپال ‘ برما کے مرد اور خواتین سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ایونٹ کے اخراجات کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کا تخمینہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو بجھوایا ہے امید ہے کہ اس کی جلد منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے بہت جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس ایونٹ میں چیمپئن شپ کیلئے تمام ججز بھی غیر ملکی ہوں گے اور وہ اس ایونٹ کی نگرانی کریں گے۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ منعقد ہو گی اس کیلئے فیڈریشن تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور ججز کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرے گی اور ان کے تمام اخراجات بھی فیڈریشن برداشت کرے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -