واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی جانچنے لئے جی پی ایس سسٹم نافذ

واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی جانچنے لئے جی پی ایس سسٹم نافذ

  

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے بچت پالیسی کو ہر سطح پر متعارف کرایا ہوا ہے ۔ جس کی بنا پرکرپٹ مافیاکو لگام دے کر بچت پالیسی کو حکومت کی کارکردگی کا اہم حصہ بنا دیا گیا ہے۔جبکہ تمام سرکاری محکموں میں با ئیو میٹرک سسٹم کے ذریعے حاضری لگانے کا عمل بھی لاگوکر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ ٹیموں کے ذریعے مختلف محکموں کے فیلڈ میں کام کرنے والے افسران و اہلکاران کو بھی چیک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری افسران و اہلکاران کی ترقی کا عمل ان کی کارکردگی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ دیگر سرکاری محکموں اور واسا میں موجود نکمے اورکام نہ کرنے والوں کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے محنت و لگن سے کام کرنے والوں کو ہر سطح پر فوقیت دی جائے گی۔لا ہورکے 300 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کار کردگی اور فلٹر پانی کی فراہمی بارے بھی جی پی ایس سسٹم کو نافذکر دیا گیا ہے جس کو باقاعدہ طور پر واسا کے دفتر سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح واسا کے دفتر میں مون سون آپریشنل روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں لاہور بھر سے کسی بھی شکایت کا آن لائن پر اندارج کرکے شکایت کنندہ کو اس شکایت پر ازالہ ہونے بارے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور واسا میں ایک پائیلٹ پرا جیکٹ کا اجراء کر دیا گیا ہے جس کے تحت واسا کی 116بڑی گاڑیوں کی نقل و حرکت و ڈیزل چوری کی شکایات کی روک تھام کے لئے گا ڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں ٹریکنگ ورلڈ کمپنی سے تین سال کے لئے خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ اس سسٹم کے نفاذ پرایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ اس منصوبے سے سالانہ تقریبا چار کروڑ روپے کی بچت ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرپشن و اقرباء پروری کے خاتمہ کرنے کو فوقیت دے رہے ہیں۔اس سلسلے میں تمام سرکاری محکموں میں کرپٹ افسران و اہلکاران کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریکنگ سسٹم سے ہر قسم کی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -