ادویات کی خریداری کا جدید نظام لانے کا فیصلہ

ادویات کی خریداری کا جدید نظام لانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں گراس روٹ لیول تک مسائل تھے جن پر قابو پانے کیلئے سپلائی چین مینجمنٹ کے نظام کو شفاف، مربوط اور موثر کیا جارہا ہے۔ بنیادی مراکز صحت، تحصیل اور ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر سہولتیں مہیا کرکے بڑے ہسپتالوں پر سے لوڈ کم کردیا ہے۔ صحت کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ محنت اور عزم کے ساتھ ان چیلنجز کا مقابلہ کررہے ہیں۔ وہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں یو ایس ایڈ (USAID)کے اشتراک سے ہونے والے قومی سمپوزیم میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کررہے تھے۔ سمپوزیم کا موضوع پبلک ہیلتھ سپلائی چین مینجمنٹ تھا۔ اپنے خطاب میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کی سہولتیں عوام تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت ہر سال صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں اربوں روپے کی مفت ادویات فراہم کررہی ہے تاہم موثر سپلائی چین مینجمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد ان مفت ادویات سے محروم رہ جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کے تعاون سے ادویات اور آلات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کا ایک موثر اور مربوط نظام لایا جارہا ہے جس سے کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ادویات کی خریداری اور تقسیم کے تمام نظام کوشفاف بنانے کیلئے اسے آن لائن کیاگیا ہے۔ مزید برآں صوبے کے مختلف شہروں میں جدید ویئر ہاوسز بھی قائم کیے جارہے ہیں جہاں ادویات کو مناسب طریقے سے سٹور کرنے کی سہولت ہوگی۔ صوبائی سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ایوب شیخ نے کہا کہ ہسپتالوں کیلئے ادویات اور آلات وغیرہ کی خریداری ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں کئی محکمے، دواساز کمپنیاں ، ہسپتال وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ تاہم ادویات کی فراہمی کے حوالے سے چار بنیادی چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ پہلا یہ کہ کم قیمت لیکن موثر ترین ادویات کو صحیح مقدار میں خریدا جائے۔ دوسرا یہ کہ اعلیٰ کوالٹی کی ادویات کے حصول کیلئے قابل بھروسہ سپلائرز کو منتخب کیا جائے۔ تیسرا یہ کہ بروقت ڈیلوری کو یقینی بنایا جائے اور چوتھا یہ کہ یہ سب کچھ کم سے کم لاگت میں کیا جائے۔ انھوں نے سپلائی کی چین مینجمنٹ کی تربیت کے حوالے سے یو ایس ایڈ اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور یوایس ایڈ گلوبل ہیلتھ سپلائی چین پروگرام کے مابین سمجھوتے کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جنید سرفراز خان نے کہا کہ سپلائی چین مینجمنٹ ادویات کی مسلسل ترسیل کا ایک نہایت اہم حصہ ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں تک اچھی اور کم قیمت ادویات بروقت پہنچتی رہیں۔ اس کورس کے نتیجے میں گریجویٹس کو ادویات کی خریداری،پیش بینی،سٹور نگ، انونٹری وغیرہ جیسے معاملات پر دنیا کے بہترین رجحانات سے آگاہی حاصل ہوگی۔صوبائی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عصمت طاہرہ نے کہا کہ یہ کورس وقت کی اہم ضرورت تھی۔تقریب سے سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار چیمہ اور یو ایچ ایس پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر شکیلہ زمان نے بھی خطاب کیا۔