جے آئی ٹی رپورٹ کا ہر صفحہ حکومتی لوٹ مار سے بھرا پڑا ہے،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کیلئے کھلا پیغام ہے کہ "پڑھتا جا شرماتا جا" کیونکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا ہر صفحہ شریف فیملی کی لوٹ مار سے بھرا پڑا ہے اب بھی استعفیٰ نہ دینابلی کو دیکھ کر کبوتر کے آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی پٹاری کھل گئی ۔
،ساری قوم جانتی ہے کہ کرپشن کرنے والے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کا کریڈٹ صرف اور صرف عمران خان کو جاتا ہے جن کی لازوال جدوجہد کے باعث من لانڈرنگ کی سیاہ داستانوں سے پردہ اُٹھ رہا ہے، انہوں نے سوال کیا کہ اب درباری وزراء کس منہ سے حکمرانوں کو دودھ کا دھلا ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟عبدالعلیم خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات میں بات لندن فلیٹس سے بھی بہت آگے نکل گئی ہے،رپورٹ میں نواز شریف کی اپنی آف شور کمپنی، خاندان کے افراد میں ہی فریب کاری پر مبنی کاروباری گورکھ دھندے، حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجینئرنگ، چودھری شوگر ملز، رائیونڈ اراضی کی خرید، شریف ٹرسٹ کو سامنے رکھ کر بے نامی جائیدادوں، ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں،ایل ڈی اے میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور ہیلی کاپٹر خریدنے جیسے درجنوں کیس حکمران خاندان کے اصل چہرے بے نقاب رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چوریاں پکڑی جانے کے باوجود نواز لیگ کے وزراء عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، ملک سے وفاداری کا حلف اٹھانے کے بعد تمام تر صلاحیتیں ایک خاندان کی بادشاہت بچانے کیلئے صرف کرنے والے بھی قوم کے مجرم ہیں۔