تحریک پاکستان میں سندھ کے علماء نے بھرپور کردار ادا کیا،پیر عبدالخالق قادری
لاہور(پ ر) تحریک پاکستان میں سندھ کے علماء و مشائخ نے بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ ہمارے آبا واجداد نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ استحکام پاکستان کیلئے بھی گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ موجودہ صورتحال میں اتحادِ امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں سندھی ،پنجابی، بلوچی اور پٹھان کے بجائے پاکستانی ہونے پر فخر کرنا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار سجادہ نشین خانقاہ عالیہ بھرچونڈی شریف‘ ڈھرکی صوبہ سندھ حضرت پیر عبدالخالق القادری نے گزشتہ روز ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے دورہ کے دوران سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید سے ملاقات میں کیا۔ حضرت پیر عبدالخالق القادری نے کہاکہ اس وقت ملک نازک صورتحال سے گذر رہا ہے۔ اس موقع پرشاہد رشید نے حضرت پیر عبدالخالق القادری کو یادگاری شیلڈ اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی مطبوعات کا سیٹ بھی پیش کیا۔