اساتذہ کے معاملات میں پیش رفت نہ ہونے پر 27جولائی کو گھیراؤ کیا جائے گا،طارق محمود

اساتذہ کے معاملات میں پیش رفت نہ ہونے پر 27جولائی کو گھیراؤ کیا جائے گا،طارق ...

  

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )اپ گریڈیشن سمیت اساتذہ کے تسلیم شدہ معاملات میں واضح پیش رفت نہ ہونے پر 27جولائی کو سول سیکرٹیریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب کی جنرل باڈی کے اجلاس میں کیا گیا جو گذشتہ روز ہمدرد سنٹر میں زیر صدارت مرکزی کنوینرطارق محمود انعقاد پذیر ہوا۔اجلاس میں پنجاب بھر سے ضلعی و ڈویژنل عہدیداران نے شرکت کی۔ حافظ غلام محی الدین،محمد اجمل شاد،محمد اسلم گجر،اللہ بخش قیصر،منیر چغتائی،اللہ رکھا گجر،رشید احمد بھٹی،محمد اشفاق نسیم،ضیا ء اللہ اعوان،سعیدہ اقبال،حافظ عبدالناصر اور کاشف شہزاد چوہدری نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں پی ایس ٹی اساتذہ کی سکیل14میں اپ گریڈیشن قابلِ تحسین ہے مگر ای ایس ٹی کی سکیل16 اور ایس ایس ٹی کی سکیل17میں اپ گریڈیشن کے علاوہ اور کوئی صورت قابلِ قبول نہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے13تعلیمی اداروں کو دانش اتھارٹی سے واپس لینے کا ابھی تک کوئی باضابطہ نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا جو باعث تشویش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ کے باوجود اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کے خلاف بلاجواز انکوائریوں کے معاملہ میں بھی کوئی واضح پیش رفت نہ ہونا بھی مختلف شکوک و شبہات کو جنم مدے رہا ہے ۔مختلف گریڈوں میں ترقی کے کیسز سالہا سال سے اضلاع اور سیکرٹیریٹ میں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں۔اس موقع پر مرکزی کنوینر طارق محمود نے کہا کہ بار ہا توجہ دلانے کے باوجود اساتذہ کے تسلیم شدہ مطالبات کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرنا اساتذہ پنجاب میں شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -