دہشت گردی ،انتہاپسندی کیخلاف تمام مکاتب فکر متحد ہیں،زاہد قاسمی

دہشت گردی ،انتہاپسندی کیخلاف تمام مکاتب فکر متحد ہیں،زاہد قاسمی

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)دہشت گردی ،انتہاپسندی کیخلاف تمام مکاتب فکر متحد ہیں ۔ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ہی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ تمام مکاتب فکر سانحہ کوئٹہ ، پاراچنار جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔ پنجاب حکومت کی صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کے بعدوزیر اعلیٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹرز صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،ڈاکٹر عبد الغفور راشد،مفتی انتخاب احمد نوری، الحاج حبیب اللہ بھٹی،ڈاکٹر صوفی ظہیر احمد ،علامہ حسین اکبرنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ سانحہ کوئٹہ ،پاراچنارکو سازش کے تحت فرقہ وارانہ رنگ دیا جارہا ہے ۔ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کیلئے بیرونی قوتیں سرگرم ہیں۔

بیرونی مداخلتوں کو ختم کئے بغیر دہشت گردی ،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کا خاتمہ ممکن نہیں۔ رہنماؤں کا کہناتھا کہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے افواج پاکستان کی کوششیں قابل فخر ہیں ۔پوری قوم افواج پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ضرب عضب اورآپریشن رد الفساد کی کامیابی میں تمام مکاتب فکر کا کلیدی کرادار رہا ہے۔ امن و امان کے قیام ،بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دئیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ امن و امان کے قیام میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں اور اسلام کے نام پر بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی توجہ سے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ تمام مکاتب فکر کے کوآرڈینیٹرز امن وامان کے قیام اور بین المسالک رواداری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق دن رات کوشاں ہیں جس کی وجہ سے پنجاب بھر میں تمام مکاتب فکر دہشت گردی ،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف متحد ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -