وطن عزیز عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ، پاکستانی آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سطح پر فروغ کی صلاحیت موجود ہے : اعزاز چودھری

وطن عزیز عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ، پاکستانی آئی ٹی ...

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سطح پر فروغ کی شاندار صلاحیت موجود ہے اور یہ بین الاقوامی سرمایہ کا روں کیلئے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن گیا ہے۔ امریکہ میں پاکستان سفیر اعزاز احمد چودھری نے یہ تبصرہ واشنگٹن کے پاکستانی سفا ر تخا نے میں پاکستان سے آنیوالے آئی ٹی پروفیشنلز کے 16 رکنی وفد کا استقبال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ پاکستانی ماہر ین کو اس سلسلے میں امریکہ پر خصوصی توجہ دینی چاہئے، جو اس وقت ٹیکنالوجی کے شعبے میں سب سے آگے ہے اور مستقبل میں بھی اس کے سر فہرست رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان امریکہ کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں وہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔ اعزاز چودھری نے امید ظاہر کی کہ سی پیک کے منصوبے سے پاکستان کی ترقی کے لئے نئے راستے دریافت ہوں گے اور اس پر عملدرآمد کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب حاصل ہوگی۔ پاکستان کے آئی ٹی پروفیشنلز کا وفد واشنگٹن ڈی سی میں مائیکرو سافٹ گلوبل پارٹنر کے تحت ’’انسپائر‘‘ نامی پروگرام میں شرکت کر رہا ہے، جو 9 سے آج 13 جولائی تک جاری رہے گا۔

اعزاز چودھری

مزید :

علاقائی -