2030ء تک اقتصادی شراکت داری کامیاب کرنا میرا خواب ہے، کوئی بھی رکاوٹ آئے سی پیک کو کامیاب بنا ئینگے : جنرل باجوہ
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے سی پیک منصوبہ خطے میں بڑے پیمانے پر بہتری لائے گا، منصوبہ پاکستان،مغربی چین اورخطے کیلئے گیم چینجرہے اسکی کامیابی کیلئے خطے میں امن و استحکام نہایت ضروری ہے ،کوئی بھی رکاوٹ آئے سی پیک کو کامیاب بنائیں گے ،منصوبے کے حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ عوام کے تعاون سے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے محفوظ ملک بنا رہے ہیں اور سی پیک کے منصوبے کو انشا اللہ کامیاب بنائیں گے ۔ پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک لاجسٹک انٹر نیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک کی کامیابی نہ صرف پاکستان کی کامیابی ہے بلکہ اس کی کامیابی سے خطے میں ترقی اور سرما یہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کیساتھ تعلقات پر فخر ہے اور چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئے گی جبکہ پاک چا ئنہ اقتصادی را ہداری منصوبہ خطے میں بڑے پیمانے پر بہتری لائے گا لیکن سی پیک کیلئے خطے میں امن واستحکام نہایت ضروری ہے۔ چین کاون بیلٹ ون رو ڈوژن پوری دنیاکیلئے ہے ، منصویہ پاکستان اور مغربی چین کیلئے گیم چینجر جبکہ سی پیک خطے میں بڑے پیمانے پربہتری لائے گا، بطورقوم ہم اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں ،ہمیں تجارت ، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قوانین اورقواعدبہتربناناہوں گے۔ 2030تک اقتصادی شراکت داری کامیاب کرنا میرا خواب ہے، جبکہ این ایل سی کوسی پیک سے متعلق ایسے فورم کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے۔ فوج اور تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے سی پیک کی سکیورٹی کیلئے چاک و چوبند ہیں تاہم سی پیک کی کامیابی کیلئے تمام اداروں کو تعاون کرنا ہوگا۔
جنرل باجوہ