لیسکو نظام کے استعداد کارمیں اضافہ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، واجد علی

لیسکو نظام کے استعداد کارمیں اضافہ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، واجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)اپنے صارفین کی سہولت اوربجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کے لیئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس ضمن میں گزشتہ دو روز کے دوران 2نئے فیڈروں سے بجلی کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے ۔لیسکو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لیسکو کے 132Kvفتح گڑھ گرڈ سے رام گڑھ فیڈر جبکہ 132Kvدیپالپور گرڈ سے نئے مدینہ کالونی فیڈر کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق نئے رام گڑھ فیڈر کے آغاز سے قبل مجاہد آباد فیڈر پر بہت ذیادہ لوڈ ریکارڈ کیا جا رہا تھا ۔جس کے باعث فیاض پارک ، مومن پورہ ، لال پل ، رام گڑھ گلی نمبر 25، گلی نمبر39 اور سکھ نہر کے ملحقہ علاقوں کو لو وولٹیج ا ور اوور لوڈنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔جبکہ نئے رام گڑھ فیڈر کے باعث مجاہد آباد فیڈرکا لوڈ تقسیم ہونے سے ان علاقوں کو ریلیف حاصل ہو گا ۔جبکہ 132Kvدیپالپور گرڈ سے 11Kvسٹی1-اور دولا پختہ فیڈر کے سسٹم کو بھی اوور لوڈنگ کے مسائل کا سامنا تھا جس کی وجہ سے نئے مدینہ کالونی فیڈر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔مدینہ کالونی فیڈر چالو ہونے کے باعث سُپر مارکیٹ ، خلیل آباد کالونی کا مکمل علاقہ ، مدینہ چوک ، سبزی منڈی اور رتہ کھنہ روڈ کے علاقوں کو ریلیف حاصل ہوا ہے ۔لیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سید واجد علی کاظمی کی سربراہی میں لیسکو کے ترسیلی نظام کے استعدادِکار میں اضافہ کے لیئے مختلف اقدامات کیئے جا رہے ہیں اور اسی سلسلے میں لیسکو بند روڈ گرڈ پر 40MVAکا پاور ٹرانسفارمر نصب کر دیا گیا ہے ۔اس سے قبل 20/26 MVAکا ٹرانسفارمر کام کر رہا تھا جس کا لوڈ ذیادہ ہونے کے باعث اس گرڈ سے ملحقہ علاقوں کے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے رانا ٹاؤن ، مرغزار ، اعوان ٹاؤن ، حسن ٹاؤن ، ہنجروال ، اتفاق ٹاؤن ، سبزہ زار ، لالازار کالونی ،پیکو روڈ ، جمال کالونی ، گوشہ احباب اور مدینہ کالونی کے علاقوں کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سید واجد علی کاظمی کے مطابق نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے سسٹم کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے میں مدد حاصل ہو گی۔

مزید :

صفحہ آخر -