شریف فیملی مسلم لیگ ن کو استعمال کر رہی ہے : تحریک انصاف

شریف فیملی مسلم لیگ ن کو استعمال کر رہی ہے : تحریک انصاف

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چودھری اور مراد سعید نے نون لیگ کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ نے 2013ء میں ایک ارب 30 کروڑ الیکشن مہم میں لگائے، ان کے پاس یہ فنڈز کہاں سے آئے؟ ہمیں تو اوورسیز پاکستانی فنڈز دیتے ہیں، ن لیگ کا پورے ملک میں اپنا آفس تک نہیں ، جے آئی ٹی نے انکشاف کیا ہے کہ 10 کروڑ نواز شریف نے پارٹی کو دیئے، بعد میں 6 کروڑ واپس لے لئے لیکن ان ٹرانزیکشنز کی اکاؤنٹس میں تفصیل نہیں ہے، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے پاس ساڑھے 3 کروڑ روپے ہیں، شریف فیملی کے کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے ن لیگ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھاپنجاب میں ن لیگ کے پارٹی فنڈز کہاں سے آئے؟ کوئی تفصیل موجود نہیں ، 2013ء سے 2015ء تک ن لیگ کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا! مولانا فضل الرحمان کی میجر فنڈنگ لیبیا سے آتی رہی ہے، قذافی کے بیٹے نے پاکستان آ کر ان کے مدرسے کا بھی افتتاح کیا تھا اور پھر وہ فنڈنگ سیاسی جماعت جے یو آئی تک پہنچ جاتی ہے، پی ٹی آئی کی فنڈنگ تو سب کے سامنے ہے، مسلم لیگ ن کی فنڈنگ کا نوٹس کون اور کب لے گا؟اس موقع پر مراد سعید کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان جے آئی ٹی کو سازش کہہ رہے ہیں، مولانا صاحب کو وکی لیکس یاد ہونا چاہیے ؟ وکی لیکس کے مطابق فضل الرحمان نے امریکیوں سے کہا تھا مجھے خدمت کا موقع دیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی ڈاکیومنٹس ملنے کے بعد نواز شریف اور ان کے خاندان کا نام ای سی ایل اور خود انہیں جیل میں ڈالا جائے، انہوں نے جاوید ہاشمی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

تحریک انصاف

مزید :

صفحہ آخر -