گوجرانوالہ ، چونیاں ، سیالکوٹ میں بارش سے بوسیدہ مکانوں کی چھتیں زمین بوس ، 12افراد جاں بحق ، 7زخمی

گوجرانوالہ ، چونیاں ، سیالکوٹ میں بارش سے بوسیدہ مکانوں کی چھتیں زمین بوس ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ،گوجرانوالہ، چونیاں،لدھیوالہ وڑائچ،سیالکوٹ(کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ،تحصیل رپورٹر، نمائندہ خصوصی )ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔گوجرانوالہ میں شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے جبکہ صو بائی دارالحکومت میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ گوجرانوالہ ،چونیاں اور سیا لکو ٹ میں با رش سے بوسیدہ مکانوں کی چھتیں ز مین بوس ہو نے سے 12 افرادجا ں بحق جبک7 ز خمی ہو گئے۔تفصیلا ت کے مطابق گوجرانوالہ میں بوسیدہ مکانوں کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات کے دوران دو مائیں اپنے چار لخت جگروں سمیت جاں بحق جبکہ تین بچے شدید زخمی ہوگئے ، ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور مضروبین کو ہسپتال پہنچا دیا ۔ چونیاں میں بھی مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بھائی جان بحق جبکہ با پ بیٹا زخمی ہو گئے ۔سیالکوٹ کے علاقہ دھرم کوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو ئے ۔تفصیلات کے مطابق نواب چوک کے قریب موسلادھا ربارش کے باعث خستہ حال مکان کی اچانک چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب جانے سے ریحانہ اسکا بیٹا عبداللہ اور بیٹی مہک موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ، جبکہ دو بچے کومل اور عمران زخمی ہو گئے ، تاہم واقعہ کی اطلاع پا کر موقع پر پہنچنے والے ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور مضروبین کو ملبے تلے سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا ، دوسرا واقعہ جھنگی میں پیش آیا جہاں پر محنت کش نذیر کے بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں نذیر کی بیوی ثمینہ ،بیٹا احتشام اور بیٹی سند س ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئی، ان تینوں کی نعشوں کو بھی ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا ، علاوہ ازیں بڈھا گو رائیہ میں دیوار گرنے سے دس سالہ وقاص زخمی ہو گیا ، جسے تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا جبکہ مضروب بہن بھائی کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔دوسری جانب بارش سے گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹی سمیت ایک بیٹے کی ہلاکت پر اہل علاقہ کا حکومتی اداروں کے خلاف شدید احتجاج، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر راستے صاف ہوتے تو امدادی ٹیمیں بروقت کارروائی کرتیں تو ماں اور بچوں کو بچایا جاسکتا تھا ۔ رکھکرانوالی عارف ٹاؤن کے رہائشی محمد عباس ، محمد شعبان ، اعجاز احمد ، غلام حیدر ، معراج مسیح ، محمد رمضان ، اکبر علی شاہ ، ڈاکٹر وسیم ، عمران مسیح عبدالعلیم ، عبدالکریم ، سرفراز احمد ، عرفان ، یاسر ، لیاقت ، عدنان ، سلیمان ودیگر کا کہنا ہے کہ ہم کئی دائیوں سے ارکان اسمبلی اور منتخب نمائندوں کے پاس جاتے رہے ہیں کہ عارف ٹاؤن کے مین رستوں کو بنایا جائے لیکن آج تک کسی عوامی نمائندے نے کوئی ترقیاتی کام کا کوئی بھی منصوبہ نہیں بنایا جس کی وجہ سے اہل علاقہ کے مکینوں کو مساجد ،سکول اور حتیٰ کہ قبرستان تک جانے کیلئے کوئی رستہ ٹھیک نہ ہے اگر کوئی حادثہ یا کوئی بیمار ہو جائے تو ایمولینس تک پہنچنے کیلئے ڈیڈھ کلو میٹر تک مریض یا میت کو اُٹھا کر لے جانا پڑتا ہے ۔ علاقہ نے کا وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر رستے بنائے جائیں تاکہ کوئی بھی ایسا حادثہ رونما نہ ہو سکے۔ چونیاں سے تحصیل رپورٹر کے مطا بق مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بھائی جان بحق با پ بیٹا زخمی ، تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں کوڑے سیال میں مستری مصور کے بیٹے احمد عمر 11سال سمیع اللہ عمر سال 9اپنے ہمسایہ ندیم کے گھر گئے اسی دوران تیز بارش شرو ع ہوگئی جس سے بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی۔ احمد اور اس کا بھائی سمیع اللہ موقع پر جان بحق ہوگئے جبکہ ندیم اور اسکا کمسن بچہ شدید زخمی ہوگئے مقامی لوگوں نے بروقت متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دی لیکن موقع پر کوئی بھی نہ پہنچ سکا ۔لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، مردان اور کوئٹہ میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں فاٹا، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔بارش کے بعد مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔گزشتہ روزگجرات میں 138 ملی میڑ، گوجرانوالہ میں 106 اور سیالکوٹ میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند ہونے لگی۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ سے اتوار کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔سیالکوٹ سے بیورورپورٹ کے مطا بق علاقہ دھرم کوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4افراد جاں بحق ، دو زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقہ دھرم کوٹ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث چار افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو ئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں الطاف ، قمر خان ، نصر اللہ وغیرہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں رشید وغیرہ شامل ہیں ۔ جاں بحق ہونے والے افراد صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے رہائشی ہیں اور آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔

چھتیں ز مین بوس

مزید :

صفحہ اول -