معاون خصوصی کے زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس

معاون خصوصی کے زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون و پارلیمانی امور عارف یوسف کی زیر صدارت بدھ کے روز سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ یونٹ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا ایک اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل لقمان کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر محمد ایسائی،یونیسف اور یو این ایف پی اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی خاطر حکومت خیبر پختونخوا اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مابین باہمی روابط اور تعاون بڑھانے کے سلسلے میں تفصیلی غور و خوض ہوا اور اہم تجاویز پیش کی گئیں اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عارف یوسف کی قیادت میں بنائی گئی صوبائی ٹاسک فورس کے موثر اقدامات کو سراہا گیا جن کے تحت صوبے میں صحت و تعلیم،ماحولیات اور دیگر اہم شعبوں میں عوامی سہولیات کو بہتر بنانے،غربت و پسماندگی کا خاتمہ کرنے اور تیز تر ترقی کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی عارف یوسف نے کہا کہ مذکورہ شعبوں میں مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے سالانہ بجٹ میں رقوم کا اضافہ کیاگیا ہے اور وہ صوبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔انہوں نے شرکاء اجلاس کو یقین دلایا کہ اگر کوئی رکاوٹ درپیش ہوئی تو اسے رابطوں اور مشاورت کے ذریعے فوری حل کیا جائے گا تاکہ ترقی کا عمل پروان چڑھ سکے۔