ضلع کونسل چکوال کا اجلاس،53کروڑ روپے کاسالانہ بجٹ منظور

ضلع کونسل چکوال کا اجلاس،53کروڑ روپے کاسالانہ بجٹ منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع کونسل چکوال نے بدھ کے روز اپنے اجلاس عام میں53کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ برائے سال2017-18کی منظوری دے دی۔ اجلاس وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی بھی موجود تھے۔ بجٹ میں 38کروڑ روپے کی رقم ترقیاتی فنڈز کیلئے مختص کی گئی ہے اور ہر یونین کونسل میں بلاتفریق سیاسی وابستگیوں کے 25لاکھ فی یونین کونسل فراہم کیے جائیں گے۔ چیئرمین ضلع کونسل چکوال طارق اسلم ڈھلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا پہلا بجٹ ہے جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ ضلع کونسل کے ملکیتی ریسٹ ہاؤس اور کئی دیگر دکانیں جو مختلف محکموں نے اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں پنجاب حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود ضلع کونسل کو واپس نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ایک دفعہ پھر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے نوٹس میں ساری صورتحال کو لایا جائے۔ اجلاس میں ضلع کونسل چکوال کی تمام ملکیتی دکانوں کو نیلامی کے ذریعے کرایہ پر دینے کی منظوری دی گئی، جس کے مطابق کرایہ داری ایک سال کیلئے نیلام کی جائے گی اور10فیصد سالانہ اضافے کے ساتھ دکان عرصہ پانچ سال تک چلائی جا سکے گی۔ ڈسٹرکٹ کونسل چکوال کے ساتھ نئی مدت کرایہ داری کا معاہدہ ہوگا ،دکان کو سب نیٹ نہیں کیا جا سکے گا اور اس کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں 68فیصد دکانوں کے معاہدے ختم ہوچکے ہیں لہٰذا ان کی جلد دوبارہ نیلامی کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کااظہار کیا گیا کہ سیمنٹ فیکٹریاں ضلع کونسل چکوال کو ایک پائی بھی ٹیکس ادا نہیں کر رہیں جبکہ انہوں نے ماحول خراب کر رکھا ہے اور تمام سڑکیں بھاری بھرکم سیمنٹ ٹریلروں نے سڑکیں کھنڈر بنا دی ہیں اجلاس میں سیمنٹ فیکٹریوں کے خام میٹریل اور فیکٹریز میں تیار شدہ بیگ پر فی بیگ ٹیکس لگانے کی منظوری دی۔