محکمہ اقلیتی امور کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ،ڈاکٹرکھٹو مل جیون
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوسی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا ہے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس سال بجٹ میں محکمہ اقلیتی امور کے بجٹ میں مزید اضا فہ کر کے بجٹ کو 300ملین روپے سے بڑھا کر500ملین روپے کردیا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بجٹ کو1700ملین روپے سے زائد بڑھا دیا تاکہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی تزئین وآرائش اور تعمیر وترقی کے کاموں کو خو بصو رتی کے ساتھ تعمیر پا یہ تکمیل تک پہنچا یا جا سکے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں اقلیتی ونگ کے سابق عہدیداران امین سوتیرا ،ڈاکٹر تسنیم کوثر ، بابر ہ ،پیٹر پشیہ اور دیگر سے ملاقات کے دوران کیا. ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ پاکستان بالخصوص شہرکراچی کے عوام نے یہ پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ کراچی سے خیبر تک صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور ان کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے۔آج کراچی پہلے سے زیادہ پر امن اور روشن ہے یہ سب پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے بصیرت اور پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری کے تدبر کا نتیجہ ہے۔